ینگون،9؍ستمبر(ایس او نیو؍آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ میانمار سے فرار ہو کر بنگلہ دیش میں داخل ہونے والے روہنگیا مسلمانوں کی تعداد تین لاکھ کے قریب ہو گئی ہے۔ گزشتہ ایک دن میں بنگلہ دیش میں داخل ہونے والے ایسے افراد کی تعداد بیس ہزار تھی۔ یہ مہاجرین میانمار سے تین سو کشتیوں پر سوار ہو کر بنگلہ دیش پہنچے۔ اقوام متحدہ کے اہلکار جوزف تریپورا کا کہنا ہے کہ اُن کے ادارے اور دوسری امدادی تنظیموں کو سرحد کے قریب واقع دیہات میں سے کئی سو روہنگیا مہاجرین ملے ہیں جو پہلے شمار نہیں کیے گئے تھے۔ بنگلہ دیشی علاقے میں روہنگیا مہاجرین کو مون سون کی بارشوں میں خیمے فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔